بھٹکل،8؍اگست (ایس او نیوز) دو چار دن قبل بھٹکل کے جالی پنچایت حدود میں واقع تالگیرے میں ایم ایل اے سنیل نائک کے ہاتھوں بھٹکل سرکاری فرسٹ گریڈ کالج کی تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔لیکن بی جے پی سے وابستہ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد نے اس پر اعتراض کیا ہے اور جالی تالگیرے کے بجائے وینکٹاپور کے علاقے میں کالج تعمیر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم دیا ہے۔
خیال رہے کہ بھٹکل میں تاحال رنگین کٹے کے پاس ایک کرایے کی عمارت میں کالج کی سرگرمیاں انجام دی جارہی ہیں۔ کالج کی اپنی عمارت تعمیرکرنے کا منصوبہ ایک لمبے عرصے سے التوا ء میں پڑا ہوا تھا۔ پچھلے دنوں ایم ایل اے سنیل نائک نے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے عمار ت کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ لیکن طلبہ تنظیم کی جانب سے قلب شہر سے چار پانچ کلو میٹر دوری پر کالج تعمیر کرنے کی سخت مخالفت کی جارہی ہے۔
اعتراض کرنے والے طلبہ کاکہنا ہے کہ تعمیر کے لئے جو جگہ منتخب کی گئی ہے وہ شہر سے دور اور غیر آباد علاقہ ہے۔یہاں جانے آنے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ یا دوسری گاڑیوں کا مناسب انتظام نہیں ہے۔اس علاقے سے پیدل گزرنا طالبات کے لئے خطرات کا باعث ہے۔یہ ایک حساس علاقہ اور طلبہ کے لئے غیر محفوظ راستوں سے گزرنا پڑتاہے۔اور یہ انتہائی تشویش کی بات ہے۔اس کے علاوہ بھٹکل کے مضافات اور آس پاس کے علاقوں سے بہت زیادہ سرکاری بسوں اور پرائیویٹ گاڑیوں سے یہاں تعلیم حاصل کرنے کے لئے آتے ہیں اس لئے شہر کے بس اسٹانڈاور پرائیویٹ گاڑیوں کے اسٹانڈ سے اتنی دور کالج تعمیر کرنا طلبہ کے لئے بڑی مصیبت کاسبب بن جائے گا۔
میمورنڈم میں وینکٹاپور کے علاقے میں ایک مقام کی نشاندہی کرتے ہوئے اے بی وی پی کی طرف سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ وہ جگہ طلبہ کے لئے سہولت او ر حفاظت کے اعتبار سے انتہائی مناسب ہے اس لئے کالج مجوزہ کالج کی تعمیر اسی علاقے میں ہی کی جائے۔
چونکہ میمورنڈم وصول کرنے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر اپنے دفتر میں موجود نہیں تھے اس لئے طلبہ کے نمائندوں نے سررشتہ دار ایل کے بھٹ کو اپنا میمورنڈم سونپا۔ اس موقع پر اے بی وی پی کے دیواکر نائک، گجانن نائک،سچن نائک، نتین نائک،چیتن نائک، دیپک نائک، دھرم راج نائک، شیکھر نائک وغیرہ موجود تھے۔